جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یہ ملک کسی ایک جماعت کے سربراہ کی بنائی فورس کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ملک میں جاری کرونا وائرس کے باعث صورتحال اورسیاسی امورپربات چیت کی۔
مولانا فضل الرحمن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ ملک کسی ایک جماعت کے سربراہ کی بنائی فورس کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، میں نے شہباز شریف کو پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کی تجویزدی ہے اورکہا ہے کہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنائے جانے تک اپوزیشن کسی کمیٹی میں شریک نہیں ہوگی، شہباز شریف نے میری تجویزپرتمام اپوزیشن کو اعتماد میں لیا ہے۔
قبل ازیں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے صوبائی ذمے داران کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری جماعت کا ہرکارکن انتظامیہ اوراداروں کے ساتھ ہے،ذمے داران فوری طورپر پی ڈی ایم اے اوراین ڈی ایم اے حکام سے رابطہ کریں اور ان سے مشاروت کرکے انہیں اپنے رضا کاروں کی فہرست فراہم کریں۔