وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت مستحقین کو مالی امداد کی فراہمی شروع ہو گئی،احساس پروگرام کے تحت فی خاندان 12 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کو جلد آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔چیئرپرسن احساس پروگرام ثانیہ نشترکا اس بابت کہنا ہے کہ فیصلہ امداد پہنچانے کے طریقہ کار میں تیزی لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
مستحقین تک امداد پہنچانے کے عمل میں تیزی لانے کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی عثمان ڈاراورثانیہ نشتر نے پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت سب سے پہلے ان افراد کو امداد ملے گی جو کرونا وائراس پھیلنے سے پہلے سے احساس پروگرام میں رجسٹرڈ تھے۔
دوسرے مرحلے میں اگلے ہفتے سے کرونا پھیلنے کے بعد امداد کیلیے رجسٹرڈ ہونے والے افراد کو فی خاندان 12 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کچھ روز میں ٹائیگر فورس کو متحرک کر دیا جائے گا اور مشکل کی اس گھڑی میں حکومت مستحق افراد تک خود پہنچے گی۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس انتہائی مستحق اور بے روزگار مزدوروں کی نشاندہی کرے گی۔
چیئرپرسن احساس پروگرام ثانیہ نشتر کا اس بارے میں کہنا تھا کہ احساس اسکور کارڈ کے معیار پر پورا اترنے والوں کی فوری مدد ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹائیگر فورس سسٹم میں اندراج سے رہ جانے والے مزدوروں اور دیہاڑی دار افراد تک پہنچے گی۔