معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں ہدایات پرعملدرآمد بہتر طریقے سے نہیں ہورہا ۔ حفاظتی سامان غیر ضروری طریقے سے استعمال ہوگا تو قلت پیدا ہوگی۔
اسلام آباد میں کورونا سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرزاوردیگر طبی عملہ ہدایت پر مکمل عمل درآمد کریں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف وہ سامان استعمال کریں جس کی ہدایت کی گئی ہے۔ فرنٹ لائن ورکرزکی حفاظت ہماری ذمے داری ہے۔ ڈاکٹرزاورطبی عملہ حفاظتی ہدایات پرمکمل عمل کرے۔ حفاظتی ہدایت نامہ ویب سائٹ پربھی موجودہے۔
ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے ملک کے 152 اسپتالوں میں حفاظتی کٹس روانہ کردی ہیں۔ آزاد کشمیر میں 4، بلوچستان میں 4، اسلام آباد میں 7 اسپتالوں میں این 95 ماسکس، دستانے اور گاؤن بھیج دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 21، پنجاب میں 74 اورسندھ میں 42 اسپتالوں میں این 95 ماسکس، دستان اور گاؤن بھیج دیے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو معاملات سے آگاہ رکھاجارہاہے۔ کرونا وائرس کو غیر سنجیدہ نہ لیا جائے۔ کسی حد تک یہ بات سچ ہے کہ ہمارے تخمینے سچ ثابت ہورہے ہیں۔ ہمیں مزید احتیاط اور مزید ذمے داری کی ضرور ہے۔