جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں احساس پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران ایک خاتون کچل کر جاں بحق ہو گئی۔
ملتان میں واقع قاسم پور سینٹر میں احساس پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔بھگدڑ مچنے سے 20 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی 80 سالہ خاتون کی شناخت نذیراں بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ماہانہ 12 ہزار روپے نقد دیے جارہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت 144 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔