وفاقی حکومت کی ہدایت پر خیبر اور چمن کے راستے پاک افغان یکطرفہ ٹریڈ بحال کردی گئی، خیبر میں طورخم اور چمن میں باب دوستی کے مقام سے ٹرک، کنٹینراورکارگو گاڑیاں افغانستان میں داخل ہوئیں۔
افغان حکومت کی درخواست پر پاکستانی حکومت نے ہفتے میں تین دن یکطرفہ ٹریڈ بحال کردی ہے، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر کے مطابق طورخم سرحد باب پاکستان کے مقام سے ٹرانزٹ کارگو گاڑیوں کیلئے کھول دی گئی ہیں۔
لاک ڈاؤن کے باعث پھنسی 34 گاڑیاں افغانستان میں داخل ہوگئی ہیں، پاکستانی ڈرائیورز کارگو گاڑیاں سرحد پارافغان ڈرائیورکے حوالے کرتے ہیں، طورخم سرحد کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں 16 مارچ سے بند تھی۔
دوسری جانب چمن میں بھی باب دوستی کے راستے پاک افغان یکطرفہ ٹریڈ بحال کردی گئی ہے، یہ سہولت ہفتہ میں تین دن فراہم کی جائے گی۔
کسٹم حکام کے مطابق آج ایکسپورٹ کے30 ٹرک خوردنی اشیاء، سبزی اور فریش فروٹ لے کر سرحد پار جائیں گے جبکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے 70 کنٹینرز بھی افغانستان جائیں گے۔
ٹرکوں اور کنٹینرز پر حفاظتی اسپرے کیا گیا، باب دوستی پر پاکستانی ٹرکوں اورکنٹینرزکو افغان ڈرائیوروں کے حوالے کیا جارہا ہے، افغانستان جانے والے گڈز ٹرکوں کی واپسی کا طریقہ کارکل طے کیا جائے گا۔