ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے فیصل واوڈا کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا فیصل واوڈا کا کردار جانتی ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شکر ہےتنقید کے بہانے فیصل واوڈا اپنے گھر سے باہر نکل آئے، مشکل وقت میں تنقید کی بجائے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے وزرا اپنے اپنے حلقوں میں موجود ہیں، ان وزرا کےنام لے کر بتا سکتا ہوں ،پیپلزپارٹی حکومت کےخلاف پروپیگنڈا سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کئی دنوں سے وفاق کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں، یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں، قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا سے کہتا ہوں تنقید کرنے سے عوام کی خدمت نہیں کرسکتے، ان سے گزارش ہے آئیں اور مل کر عوامی فلاح کیلیے کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دادو اور ٹنڈو محمد خان میں پی ٹی آئی رہنما مستحقین سے پیسے لیتے پکڑے گئے ہیں۔
خیال رہے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کرونا کو روکنے اور سندھ حکومت پھیلانے میں مصروف ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ ائیرکنڈیشنڈ روم میں بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں، ان کے وزرا کو چاہیے سڑکوں پر نظر آئیں، سندھ کے ساتھ نااہلی اور غنڈا گردی نہیں چلےگی۔