حکومت سندھ کی جانب سے 12 بجے سے سہ پہر3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہا۔سڑکوں پر فوج، پولیس اوررینجرز گشت کرتی رہیں اور جگہ جگہ ناکہ بندی کی گئی۔
لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ مستثنیٰ دکانوں کو بھی بند کروادیا گیا ہے۔ مساجد اور مدارس میں جمعے کے اجتماعات پر پابندی عائد رہی۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی منیب الرحمن کی زیر قیادت علماکے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہا تھا کہ سندھ میں جمعے کو 12 بجے سے سہ پہر3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
وفد کے اراکین میں مفتی عابد مبارک ، مفتی رفیع رحمن، مفتی عابد سعید ، عبدالوحید ، ڈاکٹر عبدالباری ، ڈاکٹرعدیل ، ڈاکٹر سعید اور دیگر شامل تھے، وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر مذہبی امور ناصر شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے کی،وزیراعلیٰ سندھ نے کوروناوائرس پر قابو پانے کے لیے غیر مشروط تعاون پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔
علمائے کرام نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کی جاری صورتحال سے آگاہ ہیں ، لہذا انھوں نے حکومت کی حمایت کی ہے اورآئندہ بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مفتی منیب الرحمن نے ملاقات کے فورا بعداپنے پیغامات ریکارڈ کروائے اورانھوں نے لوگوں پر تعاون کرنے کے لیے زور دیا۔