قومی احتساب بیورو (نیب)نے آٹا اور چینی اسکینڈل پرکارروائی کا فیصلہ کرلیا، نیب ذرائع کے مطابق اربوں روپے کی ڈکیتی پر نیب خاموش تماشائی کا کردارادا نہیں کرسکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹا اور چینی ایک پرائم میگا اسکینڈل ہے، تمام قانونی پہلووں کا گہرائی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، قانونی جائزے کے بعد بھرپور، جامع، آزادانہ اور قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نیب آرڈیننس کی وجہ سے سرکاری افسروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے نیب کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے حکومت کی طرف سے ایف آئی اے سے یہ کیس لے کر نیب کے حوالے کرنے کے بعد اربوں روپے کی اس ڈکیتی پر نیب اب خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرے گا، کیس نیب کے پاس آنے کے بعد اسکینڈل میں ملوث افراد کو نیب قانون کی گرفت میں لا سکے گا۔
چیئرمین نیب نے آٹا چینی اسکینڈل کی انکوائری ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو تفویض کردی، ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ایک مہینے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔