احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں نامزد لیگی رہنما حافظ نعمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے اورقراردیا ہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی کا کیس نیب کے دائراختیارمیں نہیں آتا۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے لیگی رہنما حافظ نعمان، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر تاثیر احمد اور عثمان قیوم کو بری کر دیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا، قانون کی روشنی میں تینوں ملزمان کا ٹرائل کرنے کا اختیار نیب کورٹ کے پاس نہیں۔
عدالت نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت لاہور پارکنگ کمپنی کا کیس سننے کا کوئی جواز نہیں بنتا، تینوں ملزمان کو عدالت بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔
نیب ریفرنس میں تینوں ملزمان پر 8 کروڑ روپے خورد برد کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ حافظ نعمان کو نیب حکام نے 28 نومبر 2018 کو گرفتارکیا تھا جبکہ حافظ نعمان کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری ستمبر 2019 میں منظورکی تھی۔
حافظ نعمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں، بے قصور تھا جو آج عدالت سے ثابت ہوگیا، ساتھ دینے والے دوستوں کا بھی مشکور ہوں۔