سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہباز گل کے وزیراعلیٰ سندھ کی رہائشگاہ کی تزئین وآرائش کی خبر پر بیان کے جواب میں کہا کہ عالمی وبا کورونا سے لڑنے اور بھیک مانگنے والوں میں ذرا فرق کرنا سیکھیں۔
سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہباز گل صاحب آپ کی حکومت کورونا جیسی وبا میں کشکول لیکر گھوم رہی ہے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ پی ٹی آئی کے نااہلوں کے علاوہ دنیا سندھ حکومت کی معترف ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات سیاست کے نہیں متحد ہونے کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی تربیت میں دوسروں کو گالی دینا شامل ہے جبکہ بلاول بھٹو کی تربیت اُس خاتون وزیر اعظم نے کی جو دنیا کے لیے آج بھی مثال ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں کورونا سے لڑنے میں پہل کی۔ کم عمر سیاستدان ہونے کے باوجود بلاول بھٹو زرداری نے بڑے پن کا ثبوت دیا۔ جس وقت سندھ حکومت نے کورونا کے خلاف قدم اُٹھایا آپ اس وقت بغلیں بجانے اور طنزکے نشتر برسا رہے تھے۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ خدا نہ کرے آپ کی حکومت کی نااہلی کی سزا قوم کو بھگتنا پڑے۔ آپ کی حکومت نے نامکمل کٹس سندھ حکومت کو بھیج کر اپنی اہلیت ثابت کردی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ آپ کی حکومت کے ڈیڑھ سال انگنت سیاہ کارناموں سے بھرے ہوئے ہیں۔ الزام تراشی، بہتان لگانے اور کام کرنے والوں کو پوری قوم جان چکی ہے۔آٹا چینی چورکوئی اور نہیں آپ کے اپنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم چینی چوروں اور ان کے پشت پناہوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔ کورونا جیسی خطرناک وبا میں بھی آپ جیسوں کا سدھرنا مشکل ہے۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی کے چھوٹے تاجروں کو صوبائی حکومت کے خلاف بھڑکانے اور جھوٹی آڈیو ٹیپ کا پروپیگنڈا کرنے والے بھی جلد بے نقاب ہوں گے۔