ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخارنے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اس سال انٹرنل سیکیورٹی الاﺅنس نہیں لے گی تاکہ یہ پیسہ کورونا کے خلاف جنگ میں استعمال ہو سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے کورونا وائرس سے لڑنے کیلیے جو عطیہ کا اعلان کیا تھا اس کے تحت چاروں صوبوں،آزاد جموں کشمیراورگلگت بلتستان میں ساڑھے تین لاکھ راشن بیگ مستحق لوگوں تک پہنچانے کا کام جاری ہے ۔
انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے دوران افواج پاکستان نے انٹر نل سیکیورٹی الاﺅنس نہ لینے کا اعلان کیا ہے تاکہ یہ رقم بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کیلیے استعمال ہو سکے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے رمضان کی برکت سے پاکستان اوردنیا کو کورونا سے نجات ملے،آرمی چیف نے رمضان میں سول اداروں سے مل کر تمام وسائل بروئے کار لانےکی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور جان بوجھ کرایل او سی پر آبادیوں کو نشانہ بنایا،بھارت نے سیزفائر خلاف ورزیوں میں بھاری آرٹلری کا استعمال کیا۔ ان کا کہناتھا کہ بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیان اندرونی ناکامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہیں،بھارت کی الزام تراشی کا مطلب غلط پالیسیوں سے ہوئے بلنڈر سے عالمی توجہ ہٹاناہے۔
ان کا کہناتھا کہ وبا کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی پوری دنیا نےمذمت کی،بھارت اپنے داخلی معاملات سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتاہے،آرایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا، بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیاکہ بھارت ہندوتوا، دہشتگردی کو فروغ دے رہاہے،بھارت کی کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔موجودہ صورتحال میں بھی بھارت آرایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیراہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کورونا وائرس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے آنےوالے دنوں میں کورونا کی تعداد بڑھ سکتی ہے ،پاک فوج کے تمام دستیاب وسائل اس وبا سے نمٹنے کیلیے استعمال ہو رہے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ آج بھی چین سے طبی سامان لے کرڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان پہنچی ہے،سترہ اندرونی ریلیف پروازوں کے ذریعے 64 ٹن سامان مختلف علاقوں میں پہنچایا گیا، کورونا صورتحال کے باعث جزوی،مخصوص علاقوں میں لاک ڈاون کیاجائےگا
ان کا مزید کہناتھا کہ میڈیا نے کورونا سے متعلق آگہی میں شاندار کرداراداکیا۔تافتان ،طورخم ،چمن میں قرنطینہ اور آئسولیشن سہولتیں قائم کر دی ہیں،وسائل اور کوششوں کویونین کونسل سطح تک لے کر جانا ہے ،پلاننگ کرلی ہے۔