لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔فائل فوٹو
لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔فائل فوٹو

پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 272 ہو گئی

عالمی وبا کرونا سےپاکستان بھر میں اموات کی تعداد 272 ہو گئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13106 سے تجاوزکرگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردارکردیا تھا کہ مئوثر اقدامات نہ ہوئے تو جولائی کے وسط تک پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ ہو سکتی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے ایکٹو کیسزکی تعداد 9 ہزار 588 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 783 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اب تک 2866 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 15 اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 93 ہے،اس کے بعد پنجاب میں 81 اموات، سندھ میں 81 اموات، بلوچستان میں 11، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین تین اموات واقع ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار218 کرونا ٹیسٹ کیے گئے،این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 1 لاکھ 44 ہزار 365 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔