لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔فائل فوٹو
لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔فائل فوٹو

سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 بچے کرونا کا شکار

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں 10 سال سے کم عمرکے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متعلق لوگوں کی متضاد اور مختلف آرا ہیں، کوئی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کرتا ہے تو کوئی لاک ڈاؤن کو ہی غلط قراردیتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کورونا کا شکار ہیں، یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ یہ بچے اوربزرگ لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں سے نہیں نکلے ہوں گے، انہیں کورونا کا کسی اورنے نہیں بلکہ ان افراد نے شکارکیا جو گھروں سے باہر نکلے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسی لیے حکومت بار بار گھروں پر رہنے اور آئیسولیشن کی تلقین کررہی ہے، لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معصوم بچوں، بزرگوں اور پورے معاشرے کو اس مرض سے بچانا ہے، یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم لاک ڈاؤن پر سنجیدگی سے خود بھی اور دوسروں کو بھی عمل کروائیں، خدارا لاک ڈاؤن پرعملدرآمد کرکے اپنی نسلوں کو محفوظ کریں، آئیے اپنے گھروں پر قیام سے خود اور اپنی فیملی کو اس مرض سے محفوظ رکھیں۔