تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز نے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ان سے قبل فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے پر حکومتی ترجمان کے فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت عارف علوی نے شبلی فراز سے حلف لیا۔ اس موقع پر وفاقی کابینہ کے اراکین اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ شبلی فرازکو وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اس سے قبل حکومتی ترجمان کی ذمے داری فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے پر سرانجام دے رہی تھیں،ان کو ہٹا کر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے، اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی طرف سے نوٹفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے شبلی فراز کو وفاقی وزیراطلاعات اورعاصم باجوہ کومعاون خصوصی بننے پرمبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات میں نئی ٹیم کی آمد سےحکومتی بیانیہ موثراندازمیں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔