مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے خوش خبری سنائی ہے کہ یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق گفتگو کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے سفری اور توانائی لاگت کم ہوگی، خوشخبری ہے یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزیدکم ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کریں گے جو کرونا بجٹ ہوگا، چھوٹے تاجروں کے لئے تین ماہ کے بجلی بل معاف ہوں گے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو پیسے فراہم کررہی ہے، کرونا کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے 40لاکھ افراد کی مدد بھی کی جائے گی، کرونا کے ساتھ معیشت بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کرونا وائرس سے پہلے بہتر سمت میں جا رہی تھی، ہمارا روپیہ مستحکم ہو چکا تھا لیکن وبا نے ہماری معیشت کو دھچکا پہنچایا، لاک ڈائون کے باعث معاشی سرگرمیوں میں نمایاں کمی ہوئی اورعالمی معیشت سکڑنے سے ہماری برآمدات بھی بہت زیادہ کم ہوئیں۔