پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان اور چئیرمین نیب سے تین اہم مطالبات کردیے۔
01: شہبازشریف سے سوالات و جوابات ٹی وی پر براہ راست قوم کو دکھائے جائیں تاکہ سچ قوم کے سامنے آئے۔02: عمران صاحب اور چیئرمین نیب سے بھی وہی سوال پوچھے جائیں جو شہبازشریف سے پوچھے جارہے ہیں۔03:عمران صاحب ہیلی کاپٹر کیس اورآٹا چینی چوری میں نیب میں پیش ہوں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی، سرکاری خزانے کے اربوں روپے کی بچت کی،ان کو طلب کیا جا رہا ہے اورجو قوم کے اربوں روپے کھا گئے، انہیں نیب سلیوٹ کرتا ہے، نیب فیس بھی اورکیس بھی صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا دیکھتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں اور کھربوں کی کرپشن کے متلاشی نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہباز شریف سے پوچھا آپ اپنے بچوں کی گاڑی میں کیوں آئے ہیں؟ کوئی منی لانڈرنگ کا سوال نہیں کوئی کرپشن کا سوال نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران صاحب 23 جعلی اکاؤنٹس اورفارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔ تاریخ بتائیں کب عمران صاحب کو مالم جبہ، ہیلی کاپٹر، 125 ارب کے بی آر ٹی کھڈوں، 100 ارب کے درختوں کی کرپشن میں بلائیں گے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی اورقائد حزب اختلاف شہباز شریف پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان قانون سے کیوں مفرور ہیں؟عمران صاحب کو 23 جعلی اکائونٹس اورفارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں فوری بلایاجائے۔