چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ کے سیکریٹری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عدالتی حکام نے بتایا کہ چیف جسٹس کے سیکریٹری اسد کھوکھرنے 4 مئی اور 6 مئی کو ٹیسٹ کرائے جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
عدالتی حکام کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے سیکریٹری کا آفس سیل کردیا گیا اوراسد کھوکھرکو رضاکارانہ طورپرگھر میں علیحدگی اختیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالتی حکام نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے سیکریٹری بخارکے باعث چند روز سے آفس نہیں آرہے تھے۔
عدالتی حکام کے مطابق چیف جسٹس اطہرمن اللہ سمیت دیگر ججز کے بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے ڈاکٹرزکی ٹیم 25 ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈسپنسری پہنچ گئی جہاں ملازمین کے مرحلہ وار ٹیسٹ کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک ملازم کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور سرکاری لیب کی رپورٹ میں کورونا کی تشخیص کی گئی تاہم نجی لیب سے رپورٹ کرانے کے بعد ملازم کا ٹیسٹ منفی آگیا۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ سمیت دیگر ججز کے بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔فائل فوٹو