پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) میں جاوید جبارکو بطور ممبر بلوچستان مقررکیے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اس تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا اورکہاکہ جاوید جبار کی نامزدگی بلوچستان کے عوام کی توہین ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے اتحادی بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ(این ایف سی) میں جاوید جبارکی ممبر بلوچستان تقرری پہ سخت احتجاج کرتے ہوئے اس تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلم بھوتانی نے اپنے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی بلوچستان کو ایک کروڑ تیس لاکھ آبادی میں صوبے کی نمائندگی کے لیے کوئی فرد نہیں ملا؟۔
جاوید جبار کی نامزدگی بلوچستان کے عوام کی توہین ہے، اسلم بھوتانی نے کہاکہ کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی این ایف سی کا ممبر بننے کے لئے اہل نہیں، جاوید جبار کو بلوچستان کے معروضی حالات کا کیا علم ہے؟۔
اسلم بھوتانی نے مطالبہ کیاکہ صدر مملکت این ایف سی میں جاوید جبار کا نام واپس لیں، اسلم بھوتانی نے اعلان کیاکہ وہ اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرینگے اور عدالت میں معروف قانون دان امان اللہ کنرانی میرے مقدمے کی پیروی کریں گے۔