خلیفہ چہارم حضرت علی ؓ کا یوم شہادت آج مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں جاری کورونا لاک ڈاؤن کے باعث جلسے جلوسوں پر پابندی کے باوجودکراچی میں حضرت علیؓ کے یوم شہادت کی مناسبت سے نکلنے والا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گیا۔
پولیس نے یوم حضرت علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے راستوں کو کنٹینرزاور ٹینکرزکی مدد سے سیل کر دیا، ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ساؤتھ میں جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ رینجرز کی نفری اس کے علاوہ تعینات ہے۔
اطلاعات کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے جمعرات کی شب یوم حضرت علی کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ ، پریڈی اسٹریٹ ، تبت سینٹر ، نمائش چورنگی ، تین ہٹی اور کھارادر سمیت ملحقہ سڑکوں اورگلیوں کو کنٹینرز، ٹینکرزاور قناعتیں لگا کر سیل کر دیا۔
یوم حضرت علیؓ کے حوالے سے جمعے کی صبح 7 بجے نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی جبکہ مرکزی جلوس 8 بجے پاک حیدری اور بوتراب اسکاؤٹس کے حصار میں نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کراختتام پذیرہوگا۔
دریں اثنا پنجاب حکومت نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت کے موقع پر ہر قسم کے جلوس پر پابندی عائد کر دی۔یوم حضرت علی کے موقع پر پنجاب میں امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس کی اجازت ہوگی، ایس او پیز کے مطابق مجالس زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ تک جاری رکھی جا سکیں گی۔