اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر شرح سود میں ایک فیصد کمی کر دی ہے جس کے بعد شرح سود 19 ماہ کی کم ترین سطح پرآگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کو سہارا دینے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا ہے، مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں ایک فیصد کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد بنیادی شرح سود 8 فیصد ہو گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے بنیادی شرح سود میں ایک فیصد کمی کے بعد شرح سود 19 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ مارچ 2020ءسے اب تک شرح سود میں 5 اعشاریہ 25 فیصد کمی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل کی 16 تاریخ کو بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرح سود میں دو فیصد کمی کی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 28 جنوری کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر باقر رضا نے شرح سود کو 13.25 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سرمایہ کاروں کی طرف سے حکومت سے اپیل کی گئی تھی کہ شرح سود میں کمی کی جائے۔اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث ملکی معیشت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مارچ کی 17 تاریخ کو شرح سود میں 0.75 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد شرح سود 12.50 فیصد ہو گئی تھی۔
ٹھیک ایک ہفتے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک مرتبہ پھر شرح سود میں بڑی کمی کرتے ہوئے 1.5 فیصد کمی کی، 24 مارچ کو شرح سود 11 فیصد پر پہنچ گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ایک ماہ سے قبل کم عرصے کے دوران ایک مرتبہ پھر شرح سود میں دو فیصد کمی کر دی ہے جس کے بعد یہ شرح سنگل ڈیجیٹ 9 فیصد پر آ گئی تھی۔