وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیزپرعمل درآمد کی شرط کے ساتھ 20 مئی سے ملک بھر میں 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دیدی ۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر20 مئی سے 30 ٹرینیں چلائی جائیں گی اور حالات سازگار رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کردیں گے۔ 20 مئی سے ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پرعمل کرتے ہوئے ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے۔ ایس او پیز پرعمل در آمد کے حوالے سے کل تمام اسٹیشنوں پر ریہرسل کی جائے گی۔ ٹرینوں میں سواری آدھی کردی گئی ہے اور کرایہ میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے عوام سے مسافروں کو چھوڑنے کے لیے ریلوے اسٹیشن نہ آنے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ صرف مسافر ریلوے اسٹیشن آئیں اور ماسک لگا کر آئیں اور شہری ہروقت لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ کا ورد جاری رکھیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کیخلاف کارروائی کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نہ تو حکومت کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے اور نہ ہی نیب آرڈیننس میں ترمیم ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ اگر ترمیم آئی تو مخالفت کروں گا۔ حکومت چلتی رہے، گی چلتی رہے گی، البتہ جس نے ملک لوٹا وہ سارے اندر ہوں گے۔ 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں ٹرین سروس بند کردی گئی تھیں جس کے باعث شہروں سے دور درازعلاقوں میں اپنے گھروں کو جانے کے لیے مسافروں کو پریشانی کا سامنا تھا۔