متازعالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کرتے ہوئے مساجد میں تراویح، باجماعت نمازیں اورنمازعید بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ عالم دین اور شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہاتھ سے تحریر شدہ بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے تمام احتیاطی تدابیرکے ساتھ آخری عشرے میں باجماعت نمازوں اور تراویح سے مساجد کو آباد کرکے رحمتوں کو سمیٹنے اورعید کی نماز بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے اپنے بیان میں لکھا کہ کورونا وائرس کی وبا طویل ہوتی جا رہی ہے اور اس کے خاتمے کی بھی کوئی تاریخ متعین نہیں۔ ایسی صورتحال میں نہ تو کاروبار زندگی کو لمبے عرصے تک روکا جاسکتا ہے اور نہ ہی اجتماعی عبادتوں کو موقوف کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے رمضان کی بابرکت ساعتوں سے مستفید ہونے کے لیے آخری عشرے میں مساجد میں بھرپورعبادت کی جائیں۔
مفتی تقی عثمانی نے مزید لکھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ حکومت اپنی ذمے داری اور مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے مساجد میں عبادات کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔