وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف کا کیس بہت سنجیدہ ہے، ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے۔ ریلوے میں ایس او پیز پرعملدرآمد کی خود نگررانی کر رہا ہوں، معائنہ کرنے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر خود جاؤں گا۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹرینیں چلانے کی اجازت گزشتہ روز ملی۔ پشاورسے 3 ٹرینیں چلا رہے ہیں، ضرورت ہوئی تو پشاور کیلئے ایک اور ٹرین کا اضافہ کریں گے۔ ٹرینوں میں 60 فیصد سواریاں لے کر جا رہے ہیں۔
ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو سیاست کا کوئی چیلنج درپیش نہیں، وہ پانچ سال پورے کریں گے۔
ان کا کہناتھا کہ شہبازشریف کا کیس بہت سنجیدہ ہے، ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے۔ نیب آرڈیننس میں ترامیم اتنی جلدی نہیں آ رہیں،31 مئی تک نیب دونوں جانب جھاڑو پھیر دے گا۔