وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ چینی کے بحران پربنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ عید سے پہلے آجائے گی اس کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی بلا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس تے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ وزیر اعظم نے کابینہ میں متعلقہ وزارتوں سے جواب طلب کیا۔ وزیراعظم نے ڈیٹا نہ فراہم کرنے والی وزارتوں پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایک ہفتے میں فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 638 غیر قانونی بھرتیوں کی نشان دہی ہوئی۔ یہ ملازمتیں اگست 2016 سے آگے کی ہیں۔ 27 وزارتوں نے تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں ائیر پورٹ کو آوٴٹ سورس کرنے کا معاملہ بھی زیرغورآیا یہ اقدام پاکستانی ہوائی اڈوں کو عالمی سطح پرلانے کے لیے کیا جارہا ہے۔ اس فیصلے سے ہوائی اڈوں کے ملازمین کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ مزید روزگارکے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیر اعظم نے جن وزارتوں کے میڈیا واجبات ہیں انھیں عید سے قبل مکمل ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔ یہ اقدام میڈیا ورکرزکی تنخواہوں اور واجبات کو یقینی بنانے کیلیے کیا گیاہے۔