چار میتیں لاہوراورتین اسلام آباد بھجوائی جا چکی ہیں۔فائل فوٹو
چار میتیں لاہوراورتین اسلام آباد بھجوائی جا چکی ہیں۔فائل فوٹو

طیارہ حادثے میں جاں بحق41 مسافروں کی شناخت

طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں میں سے 41 کی شناخت کرلی گئی ہے جس کے بعد میتوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کو دس لاکھ روپے فی کس کے حساب سے گھروں پر دینے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

قومی ایئر لائن پی آئی اے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ 41 میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ باقی میتیں شناخت کے لیے ایدھی فاؤندیشن اور چھیپا ویلفیئرکے سرد خانوں میں رکھی گئی ہیں۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین اور پسماندگان کو انٹرنیشنل اورڈومیسٹک ٹکٹیں جاری کی گئی ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک چار میتیں لاہوراورتین اسلام آباد بھجوائی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میتوں کو وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔

رپورٹ  کے مطابق طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کو دس لاکھ روپے فی کس کے حساب سے گھروں پر دینے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لواحقین اور پسماندگان کی خدمت کے لیے پی آئی اے کا عملہ 24 گھنٹے ایمرجنسی رسپانس سینٹر پر موجود ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ متاثرہ گھروں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی تخمینہ لگانے کے لیے سروے ٹیم نے کام شروع کردیا ہے،  شناخت کی منتظر میتوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں ساری صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔