ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم پر چینی ایکسپورٹ کی گئی ان کے کمیشن کے سامنے پیش نہ ہونے سے چینی کمیشن کی رپورٹ نامکمل ہے۔
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقستمی سے حکومت کورونا سے لڑنا نہیں چاہتی بلکہ اس کا کام شہباز شریف کو صبح شام یاد کرنا ہے، لاپتہ وزیراعظم نتھیا گلی میں جھولا جھول رہے ہیں اوران کے نامعلوم ترجمان مخالفین پرحملے کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر سے درخواست ہے کہ رپورٹ میں رزاق داؤد کا جواب پڑھ لیں ، ایکسپورٹرز نے وزیر اعظم کے حکم پر دو طریقے سے پیسے کمائے اورعوام کو لوٹا، ایک طرف ایکسپورٹرزنے ڈالرکی قیمت بڑھنے کا فائدہ اٹھایا اور چینی کی قیمت کا بھی فائدہ اٹھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام فیصلوں کی منظوری دی، عثمان بزدار سے سوال ہوا کہ چھ دسمبر کی میٹنگ میں آپ نے ایکسپورٹ کی اجازت کیوں دی، تو بزدار صاحب نے کمیشن کو جواب دیا کہ چینی ایکسپورٹ کا زبانی حکم عمران خان نے دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے اس وقت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دی جب ملک میں چینی کی کمی تھی اوربڑی صفائی سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر عمران خان کو کمیشن اورانکوائری کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے کمیشن کو بتایا کہ ن لیگ نے اس وقت سبسڈی دی جب سپلائی بہتر تھی۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ معصوم چینی چوراسد عمر برآمد کی وجہ بتاتے ہیں کہ اس کا مقصد زرمبادلہ کمانا تھا، صفحہ 71 پر چینی انکوائری رپورٹ کہتی ہے اسد عمرکے جواب تسلی بخش نہ تھے ، خیال تھا کہ شہزاد اکبر چینی بحران پرعثمان بزدار کے استعفیٰ اعلان کریں گے۔
ان کا کہناتھاکہ رپورٹ کے صفحے 73 .74 پرعثمان بزدار کہتے ہیں انہیں زبانی ہدایات کس نے دی وہ نہ بتا سکے، سچ تو یہ ہے کہ انہیں یہ ہدایات عمران خان نے دی تھیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف بطور وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوسکتا ہے لیکن لاپتہ وزیراعظم کو کمیشن میں طلب نہ کیا گیا،رزاق داوٴد نے بھی کمیشن کو بتایا کہ عمران خان کے حکم پر ملک میں چینی کی قلت کے باوجود ایکسپورٹ کی گئی۔
اس سے قبل مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے لاپتہ ہونے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے وزیراعظم کی گمشدگی کا اشتہار شائع کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کو عوامی ایشوز پر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والا وزیراعظم لاپتہ ہے، آئی ایم ایف جانے کے بجائے خود کشی کا اعلان کرنے والا، بھیک مانگنے پر موت کو ترجیح دینے والا وزیراعظم لاپتہ ہے، طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں نہ ملنے پر ان کے پیارے پوچھ رہے ہیں کہ وزیراعظم کہاں ہیں، طیارہ حادثہ کی تحقیقات پر عوام سوال پوچھ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہوگئیں اور وزیراعظم کا کچھ پتہ نہیں، کورونا مریضوں اور اموات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے لیکن صورتحال سے نمٹنے کی کوئی حکمت عملی موجود نہیں
ان ک اکہناتھا کہ پانچ سال سے فارن فنڈنگ کا کیس جاری لیکن احتساب خود سے شروع کرنے والے وزیراعظم کا کچھ پتہ نہیں، 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس برآمد ہوگئے، بی آرٹی کے 126 ارب کے کھڈے کھودے گئے، دس ارب درخت لگا دیے ہیں لیکن لیکن زمین پر یہ درخت لاپتہ ہیں، خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کو سات سال سے تالا لگا کرعمران صاحب لا پتہ ہیں۔