28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں ملا دیا گیا۔
بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِحکومت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔
پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبربھی خاک میں مل کر رہ گیا۔
بھارت نے 11 مئی 1998 کو ہائیڈروجن اور نیوکران بموں کے دھماکے کیے جس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑا جس کے بعد بھارتی سیاستدانوں اور سائنسدانوں کے بیانات سے بھارتی عزائم واضع ہوئے اور پاکستان کو دھمکیاں دی جانے لگیں۔
پڑوسی ملک کی دھمکیوں کے بعد پاکستان نے بھی ایٹمی دھماکوں کے تجربات کا فیصلہ کیا اور 28 مئی 1998 کو پاکستان کے سائنسدانوں نے بھارت کے 43 کلو ٹن کے مقابلہ میں 50 کلو ٹن قوت سے یکے بعد دیگرے 5 دھماکے کیے۔
ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان دنیا کا ساتواں اورعالم اسلام کا پہلا جوہری قوت کا حامل ملک بن گیا، اس تاریخ سازدن کو یوم تکبیرکے نام سے منسوب کیا گیا۔
22 سال سے یوم تکبیراس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جاتا ہے، دشمن نے ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہماری غیور افواج اسے ایسا جواب دے گی کہ اس کی آنیوالی نسلیں یاد رکھیں گی۔
ایٹمی دھماکوں کے بعد 1999 میں ہندوستان کے ساتھ پاکستان کی کارگل جنگ جاری تھی، جس کی وجہ سے یوم تکبیر بہت زیادہ جوش و خروش سے منایا گیا، مگراکتوبر1999 میں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا اور ملک میں جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت آ گئی تھی جس کے بعد یوم تکبیر اس جوش و جذبے سے نہیں منایا جا سکا۔
شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد
علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 28 مئی پاکستانیوں کے لیے شکرکا دن ہے۔
ایک جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) کے سر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کی طرح دفاع وطن کے لیے بھی نواز شریف کی خدمات بے مثال ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ملک میں ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو تھے اوردفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کے کردارکی قوم معترف تھی اور رہے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام سے وابستہ سائنسدان اورمسلح افواج، پاکستان کا فخر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی عزت و وقار، دفاع وسلامتی اور مفاد کے لیے ہم سب متحد ہیں۔