خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید کورونا سے جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہارگئے۔ میاں جمشید کئی دنوں سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق میاں جمشید الدین کاکاخیل کے بیٹے میاں عمر کاکاخیل اور بھائی میاں شبیر الدین کاکاخیل کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
میاں جمشید الدین صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رہے، وہ وفاقی وزیر پرویز خٹک کے قریبی دست راز اور ساتھیوں میں سے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ایس او پی کے مطابق آج 6 بجے کاکا صاحب میں تدفیق کی جائیگی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اب تک 8 ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں خاتون رکن مدیحہ نثار، کامران بنگش، ڈاکٹرامجد علی، اسمبلی بہادر خان، ضیاء اللہ بنگش، شفیق آفریدی، عنایت اللہ، شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے ارکان قومی اسمبلی میں این اے 41 ضلع باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان, این اے 50 جنوبی وزیرستان سے ایم این اے علی وزیر, این اے 6 لوئر دیر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے محبوب شاہ بھی کورونا وبا کے متاثر ہوچکے ہیں۔
این اے 45 ضلع کرم سے جے یوآئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیراورکزئی انتقال کرگئے ہیں،ارکان اسمبلی کے ساتھ عوامی نمائندے بھی کورونا وائرس کے باعث بیمار ہوچکے ہیں جن میں بزرگ سیاستدان حاجی غلام احمد بلور، امیر مقام، میاں افتخار حسین شامل ہیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 80 ہزار 463 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 688 ہوگئی۔