سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار910 تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 29 مریض جاں بحق ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ میں کورونا کے ایک ہزار824 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 ہزار78 ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں کورونا کے ایک ہزار284 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 555 ہو گئی اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 29 مریض انتقال کر گئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اس وقت 367 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور کورونا سے متاثر 56 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ آج سب سے زیادہ 7 ہزار547 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے مزید 487 مریض صحتیاب ہو کراپنے گھروں کو چلے گئے۔
دوسری جانب پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز پاکستان میں ایک روز میں کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 570 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 526، خیبر پختونخوا میں 490، اسلام آباد میں 34، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔