آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے رواں ماہ جون کےلیے ایل این جی کی قیمت میں 1 اعشاریہ 48 ڈالر فی یونٹ کی کمی کردی جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن نے اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی ساڑھے 7 روپے فی لٹر سستی کردی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کےلیے ایل این جی کی قیمت میں1 اعشاریہ 48 ڈالر فی یونٹ کی کمی کردی۔ایل این جی کی نئی قیمت سے متعلق اوگر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق جون کے لیے ایل این جی کی قیمت میں ایک اعشاریہ 48 ڈالرفی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میںایک اعشاریہ 38 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 6 اعشاریہ 13 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں1 اعشاریہ 48 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو کم کر کے نئی قیمت6 اعشاریہ 27 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے فی لیٹرکمی کردی گئی۔
اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی کی قیمت 72 روپے پچاس پیسے سے کم ہو کر 65 روپے فی لیٹرہو گئی ہے، عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمت میں کمی کے باعث سی این جی کی قیمت کم کی گئی ہے۔
چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن پہلے سے ہی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کررہی تھی۔
اوگرا کی طرف سے ایل این جی کی قیمت میں کمی کے بعد سی این جی کی قیمت میں کمی کی گئی،ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیے۔