پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے نواحی گاؤں میں ایک نوجوان کی کورونا کی وجہ سے ہلاکت ہوئی تو گھر والے اس کی لاش گھر میں چھوڑ کر فرارہوگئے، نوجوان کی تدفین ایک تنظیم کے رضا کاروں نے کی۔
ڈسکہ کے نواحی گاؤں بکھڑے والی سے تعلق رکھنے والے ارسلان نامی نوجوان میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں جس پر اہلخانہ اسے ہسپتال لے کرگئے۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے ارسلان کا علاج کرنے سے انکار کردیا جس پر وہ اسے گھر لے آئے۔ بعد ازاں کورونا کے مشتبہ مریض ارسلان کا گھر پر ہی انتقال ہوگیا۔
اہل علاقہ کے مطابق نوجوان کے انتقال کے بعد اس کے گھر والے اس کی لاش گھر میں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ بعد ازاں اہل علاقہ نے نوجوان کی ہلاکت سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر کو اطلاع کی جنہوں نے فلاحی ادارے کے رضا کاروں کو نوجوان کی تجہیز و تکفین کیلیے بھیجا۔
کورونا سے جاں بحق ہونے والے مشتبہ مریض ارسلان کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جاتی رہی لیکن ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوپایا جس کے بعد 2 پڑوسیوں، امام مسجد اور فلاحی ادارے کے 4 رضا کاروں نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ارسلان کی نماز جنازہ ادا کرکے اس کی تدفین کی۔