کراچی کےعلاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے پر ملبے سے 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 13 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بھی حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا عمارت گرنے کے واقعے پر انکوائری ہوگی جو ادارہ غفلت میں ملوث نکلا اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
متاثرہ افراد کے مطابق ہمارے بچے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، حکومت متاثرہ خاندانوں کی امداد کرکے متبادل جگہ فراہم کرے۔ انتظامیہ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد جانی اور مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جاسکے گا۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدرکے مطابق عمارت خستہ حال ہو جانے کی وجہ سے مکینوں کو نوٹس دیے گئے تھے اور اتوار کو دن عمارت میں ایک اور دراڑ آنے کے باعث بھی کئی گھر خالی ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین اور علاقہ مکینوں مطابق بعض فلیٹ خالی ہونے کے باوجود عمارت میں متعدد خاندان رہایش پذیر تھے۔