بین الصوبائی تعلیمی کانفرنس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیراورگلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم نے ستمبرکے پہلے ہفتے سخت ایس او پیزکے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے پراتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائےتعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں، آزادکشمیراورگلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم شریک ہوئے۔ اس دوران ملک میں اسکول ایجوکیشن سمیت تعلیم سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
کانفرنس میں وزرائے تعلیم نے اتفاق کیا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، حتمی منظوری کل این سی او سی سے لی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے ساتھ امتحانات لینے کی بھی اجازت ہوگی۔ تعلیم کانفرنس میں ستمبر سے قبل دو مزید اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
یاد رہے اس سے قبل وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے تعلیمی ادارے اگست میں کھولنے سے متعلق بیان دیا تھا تاہم بین الصوبائی تعلیمی کانفرنس میں اب ستمبر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا موقف سامنے آیا ہے۔