پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صحافی مطیع اللہ جان کے اغوا کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو صحافی حکومت پر تنقید کرے، اُسے نوکری سے نکلوادینا افسوسناک ہے، اب تو یہ فاشسٹ حکومت ویب چینلز پر حکومتی نااہلیوں کو بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو بھی برداشت نہیں کررہی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ بارہ کہو کے علاقے میں چند روز قبل اغوا ہونے والے معروف صحافی مطیع اللہ جان کی رہائش گاہ گئے اورصحافی مطیع اللہ جان سے ملاقات کرتے ہوئےاُن کے اغواء اور تشدد کی پر زور مذمت کی اوران سے مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرادری نے مطیع اللہ جان کے اغوا کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو صحافی حکومت پر تنقید کرے، اسے نوکری سے نکلوادینا افسوسناک ہے، اب تو یہ فاشسٹ حکومت ویب چینلز پر حکومتی نااہلیوں کو بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو بھی برداشت نہیں کررہی، پی ٹی آئی حکومت اتنی کمزور ہے کہ کسی بھی صحافی کے ایک تنقیدی ٹویٹ سے بوکھلا جاتی ہے، مجھے اندازہ ہے کہ اس وقت کورٹ بیٹ رپورٹرز زیادہ حکومتی دباؤ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں میڈیا کی آزادی کے لیے لڑی ہے، پاکستان کے میڈیا ورکرز کو ہم کسی حالت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کو صحافی مطیع اللہ جان نے سنسرشپ اور صحافیوں کی بیروزگاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری سےمطیع اللہ جان کے علاوہ معروف صحافیوں عمرچیمہ اور اعزاز سید نے بھی ملاقات کی۔