کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں،ٹریفک جام ہو گیا،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،بیشترعلاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
ایم اے جناح روڈ،صدر، اولڈ سٹی ایریا، کھارادر،میٹھادر،لیاری کورنگی، لانڈھی، ملیر،گلشن حدید ، آئی آئی چندریگرروڈ، ٹاور،کیامڑی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کریم آباد اورعزیز آباد سمیت دیگرعلاقوں میں جل تھل ہوگیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق گلشن معمار، سرجانی ٹائون،اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹائون، ناظم آباد،نارتھ کراچی،نیو کراچی،،یونیورسٹی روڈ ،فیڈرل بی ایریا،ڈیفنس،کالا پل ،شاہراہ فیصل اوردیگرعلاقوں میں بھی بارش کا سلسہ جاری ہے۔
مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے،گاڑیاں رینگ رینگ کرچل رہی ہیں،شیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے بعد مصروف آئی آئی چندریگر روڈ پرگڑھا پڑگیا جبکہ سٹی کورٹ مال خانے کی چھت ٹپکنے لگی اورعدالتی راہداریوں میں بھی پانی کھڑا ہوگیا ۔
عزیزآباد بلاک ٹو کے مکینوں کا کہنا ہے بارش کا پانی گھروں داخل ہوگیا ہے،سب کو دہائی دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، گھریلو سامان پانی سے خراب ہو گیا۔
دوسری جانب بجلی کی بندش کے باعث شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفاترکا گھیراؤ کیا اورنعرے بازی کی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے بجلی تاحال بحال نہیں ہوئی جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسیمات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ 102ملی میٹربارش گلستان جوہرمیں ہوئی،بارش کا یہ سلسلہ اتوارتک جاری رہ سکتا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ آج 80 سے 130 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے اور بارش سے قبل شہر میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ کل بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔