مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ان کی پیشی کے موقع پرگرفتار ہونے والے لیگی کارکنان کے لیے بڑا اعلان کردیا اورکہا کہ پارٹی ان کی معاونت کرے گی ۔
شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ ، پرویز رشید اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ آج جس ریاستی جبرکا میں سامنا کرکے آرہی ہوں، وہ اس جعلی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ، جس طرح پرامن اور نہتے کارکنان کے اوپر پتھر برسائے گئے،اسپرے اورآنسو گیس پھینکی گئی، متعدد کارکنان کے سرپٹھے اور زخم آئے، میں مذمت کرتی ہوں اور ساتھ ہی ان سپورٹرزکو جو اظہار یکجہتی کرنے آئے، جبر کا سامناکرتے ہوئے وہاں کھڑے رہے، میں میڈیا کی وساطت سے ان کو سلام کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف سے پتھر، نیب گردی کا سامنا، آنسو گیس اور پانی کا سامنا ہے لیکن کارکن کھڑا رہا، اپنی جگہ سے ہلانہیں، زخمیوں کے لیے دعا گو ہٰیں کہ اللہ جلدی صحت یاب کرے۔