رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے شہرقائد میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان محمد رفیق عرف عادل عرف حبیب اللہ اورعدنان شبیرعرف قاری پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث اور فورسز کو انتہائی مطلوب تھے جبکہ محمد رفیق عرف عادل عرف حبیب اللہ کی گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا اور ملزم عدنان شبیرعرف قاری کالعدم تنظیم کا انتہائی خطرناک دہشتگرد تھا۔
ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق ہلاک دہشتگرد بم دھماکوں، بینک ڈکیتی، فرقہ وارانہ دہشتگردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی متعدد ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹی ٹی پی استاد اسلم گروپ کے انتہائی خطرناک دہشتگرد رئیس یار محمد گوٹھ بلدیہ ٹاؤن کے علاقہ میں موجود تھے جس کی اطلاع ملنے پر پاکستان رینجرز کے شاہین گروپ اور سی ٹی ڈی پولیس نے دہشتگردوں کو گرفتارکرنے کی منصوبہ بند ی کی۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ رات گئے رئیس یار محمد گوٹھ بلدیہ ٹاؤن میں دہشتگردوں کی گرفتاری کیلیے محاصرہ کیا گیا تو اس دوران فورسزکی پیش قدمی دیکھ کر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس پرفورسزکی جوابی کارروائی میں 2 ملزمان مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سے دو عدد ایس ایم جی ، دو نائن ایم ایم پستول، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان حال میں ہی افغانستان سے کراچی آئے تھے اورکراچی میں بڑی دہشتگردی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔