شیخ رشید نے کہا ہے کہ آٹا، چینی سستے ہونے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کوئی بھی بڑا فیصلہ کر سکتے ہیں مگر کسی کو این آر او نہیں دیں گے، مریم نے پتھر نیب کو نہیں شہباز شریف کی سیاست کو مارے، جن کے نیب میں کیس وہ زیادہ بول رہے ہیں،عثمان بزدارکا کچھ نہیں ہوگا،عثمان بزدار رہے گا۔
گرلزکالج کی افتتاحی تقریب سے شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کواحتساب سے گزرنا ہوگا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ابھی بچے ہیں، مریم نواز شہباز شریف کو پھنسا رہی ہیں، حکومت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کیلیے عدالت جائے گی، سعودی عرب سے ہمارے تعلقات میں کوئی کمی نہیں آئی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا راولپنڈی میں سماجی شعبے کی ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے،راولپنڈی میں تعلیم کے شعبے میں کئی نئے ادارے قائم کیے گئے، شعبہ صحت میں ماں اور بچے کی صحت کے منصوبوں کو ترجیح دی، ہم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی تعمیر کیلیے تیار ہیں، راولپنڈی میں 5 یونیورسٹیاں بنائیں گے، رواں یا آئندہ سال شہر کو 2 نئے کالج مزید دیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا گزشتہ حکومتوں نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلیے کچھ نہیں کیا،ایم ایل ون بہت بڑا منصوبہ ہے، سرکاری کالجزاوراسکولوں کا دورہ کیا اوران کے مسائل حل کیے، ریل یونیورسٹی میں دنیا بھر سے لوگ تعلیم حاصل کرنے آئیں گے، کورونا کے دوران بھی ایک کتاب لکھی جو 6 ستمبر کو آ رہی ہے، برصغیر کی سب سے بڑی ریل یونیورسٹی راولپنڈی میں بنے گی۔