منگل اورجمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات
منگل اورجمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے ملک میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بدھ اور جمعرات کو بھی کشمیر، گلگت بلتستان ، خطہ پوٹھوہار، میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، اس دوران گوجرانوالہ ، نارووال،حافظ آباد،سیالکوٹ ، گجرات ، لاہور، شیخو پورہ، فیصل آباد،اوکاڑہ، قصور میں بھی موسلادھاربارشوں کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا صوابی، ہری پور، بونیر ، ایبٹ آباد ، پشاور اور چارسدہ میں مزید موسلادھار بارش ہو سکتی ہیں جب کہ منگل اورجمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغيانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے اس لئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک میں آئندہ دنوں میں موسم کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کردیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دنوں کی ایڈوائزری رپورٹ کے مطابق ملک میں دو دن تک مزید بارشوں کا امکان ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں بدھ اور جمعرات کو بارش ہو گی۔
کراچی میں اگلے 15 روز تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان نہیں ہے اور دوہفتے کے دوران سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے ہلکی بارش اور بونداباندی ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفرازکے مطابق سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے بالخصوص صبح اوررات کے اوقات میں بونداباندی،پھوار اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ستمبر میں مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی ابر الود رہنے کا امکان ہے۔