کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کیماڑی آئل ٹرمینل پر فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ آتشزدگی سے 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی ٹیم اورفائر ٹینڈرز کیماڑی میں آئل ٹرمینل میں لگی آگ بجھانے میں معاونت کررہے ہیں۔
پولیس کاکہنا ہےکہ جس پائپ لائن میں آگ لگی اس کی سپلائی بند کردی ہے اورآگ کو مزید بڑھنے سے روک دیا گیا۔
آئل ٹرمینل پرآتشزدگی کے باعث ٹریفک کوآئی سی آئی پل سے متبادل راستے کی جانب بھیجا جارہا ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شمس شاہوانی کا کہنا ہےکہ آگ سے ہمارا کافی نقصان ہوا ہے، حالات کی بہتری تک پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دی اورفی الحال اپنی گاڑیاں آئل ٹرمینل سے ہٹالی ہیں، آگ پر قابو پانے کے بعد صورتحال دیکھ کرسپلائی بحالی کا فیصلہ کریں گے۔