اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نطر چینی صدر شی جی پنگ کا دورۂ پاکستان ری شیڈول کردیا گیا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جی پنگ کو پاکستان میں دورے کی دعوت دی تھی، اور چینی صدر نے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنا تھا، تاہم کورونا کے باعث شی جی پنگ کا دورۂ پاکستان ری شیڈول کردیا گیا ہے۔ دونوں حکومتیں دورے کے تاریخ پر کام کر رہی ہیں۔ نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
یاؤجنگ کا کہنا تھا کہ چینی حکومت سی پیک کے حوالے سے مطمئن ہے، اور دونوں ممالک سی پیک کو درپیش خطرات سے آگاہ ہیں، لیکن پاکستان اور چین مل کرسی پیک کو خطرات کو شکست دیں گے، ہم اپنے دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک سے متعلق منفی عناصر ہمیں تعاون سے نہیں روک سکتے، سی پیک دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کا منصوبہ ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ دونوں اطراف سے کووڈ 19 کے چینلجز کے باوجود سی پیک کے منصوبوں پر کام جاری ہے، دونوں ممالک کی جانب سے سے چینجلز سے نمٹنے کے لیے اقدامات قابل ستائش ہے، چینی بزنس کمیونٹی پاکستان کے ساتھ مل کر زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔