پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے سینیئر رہنما سید قائم علی شاہ کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں اُن کے صاحبزادے سید مظفر علی شاہ کے انتقال پر تعزیت کی۔
اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ سے بھی ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم سید مظفر علی شاہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔
انھوں نے سید قائم علی شاہ اور ان کی صاحبزادی سیدہ نفیسہ شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی اپنے کی جدائی سے بڑھ کر کوئی سانحہ نہیں ہوتا۔ اللّٰہ تعالیٰ آپ کے اہل خانہ کو اس سانحے کا غم برداشت کرنے کی توفیق دے۔