کیس کی سماعت اب ایک ماہ بعد ہوگی ۔فائل فوٹو
کیس کی سماعت اب ایک ماہ بعد ہوگی ۔فائل فوٹو

شہری کی عدم بازیابی۔ وزیر داخلہ ودیگر حکام عدالت طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری کی عدم بازیابی پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور سیکریٹری داخلہ کو عدالت میں طلب کرلیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت  کے شہری عبدالقدوس کی گمشدگی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، اسٹیٹ کونسل حسنین حیدر تھہیم جے آئی ٹی کے سربراہ ایس پی انویسٹی گیشن ملک نعیم کے ہمراہ پیش ہوئے، ایس پی انویسٹی گیشن ملک نعیم نے عدالت کو بتایا کہ 50 لاپتہ افراد کی جے آئی ٹی کی سربراہی میں کر رہا ہوں۔

شہری کی عدم بازیابی پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے شدید برہمی کا اظہارکیا، جسٹس محسن اخترکیانی  نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کا تحفظ کرنے میں وفاقی حکومت ناکام ہو چکی ہے، گرین نمبر پلیٹ والی گاڑیوں سے  شہری اغوا ہو رہے ہیں، اسلام آباد پولیس ناکام ہو چکی ہے توکیا تفتیش کرنے کے لیے سندھ پولیس کو لکھیں؟ کبھی کسی پولیس والے نے کسی ایجنسی والے کے خلاف نہ لکھا نہ ہی ملزم بنایا ہے، اٹارنی جنرل صاحب کو بتا دیں آنکھیں بند کرنے سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔

عدالت نے وزیرداخلہ اعجازشاہ اور سیکریٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، جبکہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان بھی آئندہ سماعت پرعدالتی معاونت کے لیے طلب کرلیے گئے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر وزیر داخلہ آئندہ سماعت پر جواب نہ دے سکے تو پھر وزیراعظم کو بلایں گے، عدالت نے کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی۔