سی سی پی اولاہور کی تعیناتی کے معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو تبدیل اوران کی جگہ انعام غنی کو پنجاب کا نیا انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) تعینات کر دیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے صوبے کے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کیلئے نام طلب کئے تھے۔
قبل ازیں آئی جی پنجاب اوروزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے باوجود آئی جی پنجاب اپنے آفس سے غیر حاضر رہے۔
پنجاب پولیس اور لاہور پولیس کے سربراہان میں ڈیڈلاک برقرار ہے اور آئی جی پنجاب شعیب دستگیر تیسرے روز بھی فرائض سرانجام دینے کے لیے اپنے آفس نہیں آئے۔
گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے باوجود آئی جی پنجاب اپنے آفس سے غیر حاضر ہیں، جس پر ماتحت افسران تذبذب کا شکار ہیں۔
آئی جی پنجاب شعیب دستگیرکا کہنا ہے کہ کیپٹل سٹی کی پولیس کے نئے سربراہ عمر شیخ کو میری مشاورت سے تعینات نہیں کیا گیا، سی سی پی اولاہورعمر شیخ کو نہ ہٹایا گیا تو میں بحیثیت آئی جی پنجاب اپنے عہدے پر نہیں رہوں گا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نئے سی سی پی اولاہورعمر شیخ کی تعیناتی پروزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دو سال میں پنجاب کے پانچ آئی جی تبدیل ہوچکے ہیں۔اس سے قبل بتایا جارہا تھا کہ سی سی پی اولاہور کی تعیناتی کے معاملے حکومت اورآئی جی پنجاب میں اختلافات تھے ،آئی جی نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سے بغیر وردی ملاقات بھی کی تھی اورانہیں استعفے کی پیشکش بھی کیے جانے کی اطلاعات ہیں، ملاقات کی وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تصدیق کردی ۔
مریم اورنگزیب کا رد عمل
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور بیورو کریسی وزیراعظم اور وزیراعلی پرعدم اعتماد کر چکے، انہیں استعفی دے کرگھرچلے جانا چاہیے، آئی جی پنجاب کا وزیراعلی کے ساتھ کام کرنے سے انکار وزیراعظم کی گورننس فیل ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی جی پنجاب کا کہنا کہ ’مس کنڈکٹ کے ایشوز ہیں‘انتہائی تشویشناک امر ہے ، آئی جی پنجاب کا وزیراعلی پنجاب پر عدم اعتماد گورننس کی تباہی کا مظہر ہے، یہ ثبوت ہے کہ حکمران اداروں کو سیاست کے لیے استعمال کررہے ہیں ، دو سال سے ہم خبرداراور نشاندہی کررہے ہیں کہ اداروں میں مداخلت کی جارہی ہے۔