کراچی: ایف بی آر نے بے نامی قانون کے تحت عارضی طورپر 19 گاڑیاں ضبط کی ہیں جن کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ایف بی آر بے نامی زون کراچی نے بے نامی قانون کے تحت طویل تحقیقات کے بعد شہر میں چلنے والی 19 بے نامی گاڑیوں کا سراغ لگا کر بے نامی قیمتی گاڑیاں عارضی طور پر ضبط کرلیں، بے نامی قانون کے تحت عارضی طورپر 19 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں، جن کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
بے نامی زون کے ذرائع نے بتایا کہ ضبط شدہ گاڑیوں میں دو مرسیڈیز، دو بی ایم ڈبلیو ایک کیڈلک، 2 پراڈو، 5 کرولا سمیت سوزوکی برانڈ کی مختلف گاڑیاں شامل ہیں، اور ضبط شدہ گاڑیوں کی ٹرانسفر آف رجسٹریشن بلاک کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ ایف بی آر حکام نے گاڑیوں کی رجسٹریشن سمیت دیگر تفصیلات کو بھی مشتہر کردیاہے تاکہ ان گاڑیوں کے اصل مالکان فراہم کردہ ایک ہفتے کی مہلت میں اپنی صفائی پیش کرسکیں اور ایف بی آر کے بے نامی زون کراچی دفتر سے رابطہ کر سکیں۔ ذرائع نے بتایاکہ مقررہ مدت میں رابطہ نہ کرنے کی صورت میں مذکورہ گاڑیاں بحق سرکار ضبط کرلی جائیں گی۔