اسلام آباد: جاپان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے پاکستان کو مجموعی طور پر 50 کروڑ جاپانی ین امداد فراہم کرے گا۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے جاپان اور اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے درمیان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے گرانٹ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
گرانٹ معاہدے پر دستخط کے لیے تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی گرانٹ کی کل لاگت 500 ملین ین ہے معاہدے میں ویسٹ منیجمنٹ کے لیے 29 گاڑیاں اور دیگر سامان شامل ہے۔ وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری نور احمد اور جاپان کے سفیر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور نور احمد نے ویسٹ مینجمنٹ کے لیے گرانٹ پر حکومت جاپان کا شکریہ ادا کیا جبکہ جاپان کے سفیر کا کہنا تھا کہ حکومت جاپان پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون جاری رکھے گی۔