سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ کا بچہ اپنا لنچ بکس بغیر کھائے گھر واپس لارہا ہے تو یہ اسے کورونا وائرس لاحق ہونے کی علامت ہوسکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ایک تہائی سے زیادہ اسکول جانے والی عمر کے بچوں جو کورونا وائرس میں مبتلا تھے، ان میں کھانے کی بالکل رغبت نہ تھی، کیونکہ کورونا وائرس کے باعث ان کی بھوک ختم ہوجاتی ہے۔
سائنس دانوں نے والدین کو خبردار کیا کہ وہ بچوں میں کورونا وائرس لاحق ہونے کے حوالے سے کم پائی جانے والی علامت یعنی کھانے میں بے رغبتی اور بھوک نہ لگنے پر نظر رکھیں۔ کیونکہ بچوں نے اب اسکول جانا شروع کردیا ہے اور اس وجہ سے وبا کے لاحق ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
کنگز کالج لندن کی ایک ٹیم نے ایسے سیکڑوں بچوں کی مانیٹرنگ کی جوکہ کورونا وائرس کی علامات کا پتہ لگانے والے ٹریکر موبائل ایپ استعمال کررہے تھے۔
اس ٹیم نے اکثر بچوں میں جن کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا، لیکن ان میں عام علامات مثلاً مسلسل کھانسی، بخار یا پھر سونگھنے کی حس ختم ہونا جیسی علامات نہیں پائی گئیں۔ البتہ ان تحقیق کاروں نے ان بچوں میں کھانے سے بے رغبتی (یعنی کھانے کی خواہش نہ ہونا)، سر درد اور تھکاوٹ محسوس کرنے والی علامتیں دیکھیں۔
یہ تجربہ اس ڈیٹا پر مبنی ہے جوکہ اس ٹیم نے 198 وائرس زدہ بچوں میں پایا، جبکہ پندرہ ہزار 800 بچے نیگیٹو تھے۔
یہ کورونا وائرس کے حوالے سے برطانیہ میں کی جانے والی تحقیق میں سے ایک بڑی تحقیق تھی۔