اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے نام سے نئی سرمایہ کاری اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تین ماہ سے پانچ سال کی مدت تک کےسرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری پر پُرکشش منافع ملے گا۔
حکومت نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ سرمایہ کاری اسکیم کے لئے قوانین 2020 تیار کرلیے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی 3 ، 6 اور12 ماہ کے علاوہ 3 سال اور5 سال کا سرٹیفکیٹ خرید سکیں گے۔ یہ سرمایہ کاری ڈالر، روپے یا کسی بھی طے شدہ کرنسی میں کی جاسکے گی۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں لگایا گیا سرمایہ قبل از وقت کیش کرانے کی سہولت بھی ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس اسکیم میں روایتی بینکنگ قوانین کے ساتھ ساتھ شریعہ کمپلائنٹ قوانین کے تحت بھی سرمایہ کاری کرنے کی سہولت ہوگی۔ ایف بی آر میں بیرون ملک ظاہر کردہ اثاثے رکھنے والے ریذیڈنٹ پاکستانی بھی اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔ سرٹیفکیٹ سے حاصل منافع پر ٹیکس لاگو ہوگا تاہم زکوۃ کی لازمی کٹوتی سے استثنی قرار دیا گیا ہے۔