گیس کا حامل کالم تقریباً 1 کلومیٹر طویل،ایک کھرب معکب فٹ گیس ہوسکتی ہے، پی پی ایل
گیس کا حامل کالم تقریباً 1 کلومیٹر طویل،ایک کھرب معکب فٹ گیس ہوسکتی ہے، پی پی ایل

قلات میں قدرتی گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

کراچی: پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے بلوچستان کے علاقے قلات میں گیس کے بڑے ذخیرے کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے جو کہ 1 کھرب کیوبک فٹ تک ہوسکتے ہیں۔
پی پی ایل کے مطابق قلات کے مرتفع پر مرگند بلاک، بلوچستان میں مورگندھ X-1 کنویں سے گیس کے ذخائر کی دریافت کے ساتھ ایک تاریخی سنگِ میل عبورکیا ہے۔ یہ پاکستان میں ہونے والی مغربی طرز کی جدید ترین دریافت ہے جس نے مستقبل میں دریافتوں کے لیے نئی راہ ہموار کی ہے۔
مورگندھ کی مزید گہری کھدائی کے نتیجے میں گیس کا حامل طویل کالم حاصل ہوا جو تقریباً 1 کلومیٹر طویل ہے، یہ نئی دریافت سے پہلے کی گئی جانچ کے مقابلے میں زیادہ ذخائر کے امکانات کی نشاندہی کرتا ہے جس کی تصدیق اپریزل کنوؤں کی کھدائی کے بعد ہو سکے گی۔
دریافت ہونے والا کالم اور میپ تقریباً 1 کھرب کیوبک فیٹ (ٹی سی ایف) گیس کی نشاندہی کرتا ہے۔ پی ایل نے 48 دریافتی بلاکس اور 59 پیداواری فیلڈز اور دریافتوں کے ساتھ 2018-2019 کے دوران کسی بھی سال میں ریکارڈ تعداد میں 11 دریافتیں کیں۔ ساتھ ہی اگلے مالی سال میں مزید دو دریافتیں ہوئیں۔
اس کے ساتھ 2019-20 کے دوران کمپنی نے ذخائر کی تجدید کی شرح 110 فیصد حاصل کی۔ پی پی ایل کے ایم ڈی معین رضاخان کا کہنا ہے کہ” پی پی ایل نے 2012ء سے اب تک آپریٹڈ بلاکس میں 63 دریافتی کنویں کھودے، جس کے نتیجے میں 22 دریافتیں ہوئیں اوران میں کامیابی کا تناسب 35 فیصد رہا جس سے تقریباً 2.764 ٹی سی ایف گیس اور لگ بھگ 127 ایم بی بی ایل تیل حاصل ہوا۔
ان میں سے صرف 11 دریافتیں 2009ء میں حاصل کیے گئے گمبٹ ساؤتھ بلاک میں ہوئیں۔ جو اس وقت تین پیداواری فیلڈز سے یومیہ 100 بی سی ایف سے زائد گیس، 1100 بیرل تیل اور 15 ملین ٹن ایل پی جی کی پیداواردے رہے ہیں۔