ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، وہ 3 روز سے بخار میں مبتلا ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے فوری ہسپتال منتقل کیا جائے۔ حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علاج میں سستی یا لاپرواہی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ بیگناہ حمزہ نوازشریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونے کے جرم میں ناحق سزا پارہا ہے، حمزہ شہبازبہادری سے نیب نیازی اندھیر نگری چوپٹ راج کے سامنے ڈٹا ہوا ہے۔
ترجمان ن لیگ کاکہناہے کہ بدترین سیاسی انتقام حمزہ شہباز کے عزم کو متزلزل نہ کرسکا۔مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کیلیے دعا کی اپیل کی ہے ۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے بیٹے حمزہ کو جیل میں کورونا ہو گیا ،آپ سب سے درخواست ہے حمزہ کی جلد صحت یابی کیلیے خصوصی دعا فرمائیں، جزاک اللہ خیر۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ مشرف دور میں نیب مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کاجراتمندی و ثابت قدمی سے سامنا کررہے ہیں ۔